ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر، اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے ریلوے ٹریک پر دھرنادے دیا

کراچی (آئی این پی )پاکستان اسٹیل ملز کی ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز نے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف جناح گیٹ اسٹیل ملز پر دھرنا دے دیا جبکہ دیگر ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔جبری برطرفیوں کیخلاف اسٹیل ملز ملازمین کی بڑی تعداد جناح

گیٹ کے سامنے سراپا احتجاج ہے جبکہ بن قاسم ریلوے ٹریک بھی بند کردیا گیا ہے۔ملازمین کے احتجاج کے باعث اندرون ملک سے آنے اور جانے والا ٹریک بند ہے اور ملازمین کی بڑی تعداد ٹریک پر موجود ہے۔مختلف شہروں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو بن قاسم اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے جبکہ ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کلئیر ہونے تک کراچی سے کوئی ٹرین روانہ نہیں ہوگی۔دھرنے کی وجہ سے کراچی ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس بن قاسم اسٹیشن پر موجود ہیں جبکہ کراچی آنے والی رحمان بابا، تیز گام، کراچی ایکسپریس، شاہ حسین اور گرین لائن کو بن قاسم سے پہلے روکا گیا ہے۔کراچی سیاندرون ملک جانے والی پاکستان ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی روانگی بھی تاخیر کا شکار ہے جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close