مالی طور پر خود مختار بھی نہیں ، پھر گزارہ کیسے کرتے ہیں؟ بلاول بھٹو نے انٹرویو کے دوران سوال پر حیران کن جواب دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ انٹرویو میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ سارا وقت سیاست کو دے دیتے ہیں ، اور مالی طور پر خود مُختار بھی نہیں ہیں تو پھر آپ کا گزارا کس طرح ہوتا ہے۔ جس پر بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ مالی طور پر شکر الحمد لللہ والدہ کی طرف سے

ہمارے لیے چھوٹی موٹی زمین ہے اور بھی کچھ چیزیں ہیں جو ہمیں وراثت میں ملی ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارا اس سے گزارا ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات کچھ اتنے زیادہ نہیں ہیں۔ لیکن جہاں تک سیاست کی باگ ڈور ہے ، تو وہ میری کمائی سے پورا نہیں ہو پاتا ، اُس پر میرے والد مدد کرتے ہیں اور ساتھ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک گھر میں رہتے ہیں اور ایک دوسرے کا ساتھ بھی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں سیاست نہ کرتا تو تعلیم کے بعد میں کچھ اور کام کرتا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی کاروبار کرنا یا پیسے کمانا، اس میں میرا اتنا شوق نہیں رہا۔زمینوں کے حساب کتاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں لیکن اپنا حساب کتاب اتنا اچھا نہیں کرتا۔کیونکہ اس میں وقت لگتا ہے اور جتنا وقت آپ زیادہ دیں گے اُتنا ہی آپ اچھے طریقے سے معاملات سنبھال سکیں گے۔میرے پاس اُتنا وقت نہیں ہے جتنا مجھے دینا چاہئیے۔ میں اللہ کا اور اپنی والدہ کا شکرگزار ہوں، جن سے نہ صرف ہمیں وراثت میں یہ سب ملا بلکہ انہوں نے اپنی زندگی میں بھی میرے اور میری بہنوں کے نام بہت کچھ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا سے جانے کے بعد بھی ہماری والدہ ہمارا خیال رکھ رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں