حیدرآباد(این این آئی)سندھ حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کی طرف سے ہاریوں کے حق میں دیئے گئے تاریخی فیصلے پر عملدرآمد کرانے کے بجائے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے، سندھ حکومت کا یہ اقدام ہاری دشمنی ہے جس کے خلاف سندھ بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔ہاری ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اکرم
خاص خیلی’ ہاریوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والے پنہل ساریو’ ایچ آر سی پی حیدرآباد کے رہنماء پروفیسر امداد چانڈیو’ سندھ ہاری کمیٹی کے مرکزی نائب صدر کامریڈ ثمر حیدر جتوئی’ ہاری منظور لغاری ودیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد نے گذشتہ دنوں ہاریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سندھ ٹیننسی ایکٹ میں ترمیم کرنے کے لئے تاریخی فیصلہ دیا تھا اس عدالتی فیصلے کے تحت سندھ حکومت کو صوبے میں ہاریوں کی خسرھ رجسٹریشن کرنے اور ہاریوں اور زمینداروں کے کیس مختیار کار’ اسسٹنٹ کمشنرز اور کمشنرز سے واپس لے کر جوڈیشل مجسٹریٹ کو دینے ور سندھ حکومت کے ٹیننسی ایکٹ میں چیڑ اور بیگار والی شق ختم کرکے ترمیم کو منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا یہ ایک تاریخی فیصلہ تھا لیکن سندھ حکومت نے سندھ کے لاکھوں ہاریوں کے ساتھ ناانصافی اور استحصال کرکے اس تاریخی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے،انہوںنے کہاکہ فقط ایک سال میں سندھ میں 2309ہاری عدالتی حکم کے تحت زمینداروں کی نجی جیلوں سے آزاد ہوئے ہیں جن میں 819بچے اور743خواتین بھی شامل ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فوری طور پر سپریم کورٹ جانے کا اپنا فیصلہ واپس لے بصورت دیگر ہاری سندھ بھر میں احتجاج کریں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں