مریم نواز کا مقابلہ کرنے کیلئے پیپلزپارٹی نے آصفہ بھٹو کو میدان میں اتار دیا، آصفہ کو سامنے لانے کا بڑا مقصدکیا ہے؟

ملتان (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو کے کورونا کے شکار ہونے کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو سیاسی میدان میں لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ملتان جلسے میں آصفہ بھٹو کو لانچ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آصفہ بھٹو پارٹی

چئیرمین بلاول بھٹو کی جگہ جلسے سے خطاب کریں گی۔اس حوالے سے سینئیر صحافی نے کہا کہ آصفہ بھٹو کو مریم نواز کی مقبولیت کے مقابلے میں سامنے لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جلسوں میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی مقبولیت سے خاصی خائف تھی جس کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی آصفہ بھٹو کو خاتون رہنما کے طور پر لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آصفہ بھٹو کی گذشتہ کافی عرصہ سے سیاسی تربیت بھی کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی کا ماننا ہے کہ آصفہ بھٹو میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی جھلک نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو کا نام سیاسی میدان میں گذشتہ کافی عرصہ سے چل رہا تھا اور وہ اب کافی دیر تک پاکستان پیپلز پارٹی کے فیس کے طور پر سیاسی میدانوں میں نظر آتی رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصفہ بھٹو کو جنوبی پنجاب میں لانچ کیا جا رہا ہے جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک اچھا فیصلہ ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔بلاول بھٹو کی قرنطینہ میں موجودگی پر پاکستان پیپلز پارٹی نے ملتان جلسے میں آصفہ بھٹو کی شرکت کا اعلان کیا۔ اس حوالے سے پارٹی کے سینئیر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے کورونا میں ہونے کے بعد آصفہ بھٹو زرداری ان کی جگہ جلسے میں شریک ہوں گی جب کہ پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے سے خطاب کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close