وزیراعظم ہائوس پر کس کا قبضہ ہے؟ پی ٹی آئی رہنما کے دعوے نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن راجہ ریاض نے اپنی ہی حکومت کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس پر غیر منتخب لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے، جنہیں تجربہ نہیں وہ اردگرد جمع ہیں۔ یہ

لوگ عمران خان کو غلط معلومات دے کر اپنی دیہاڑی لگا رہے ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں فیصل آباد موٹروے ٹول پلازہ ختم کرنے کا مطالبہ کر بھی کیا اور کہا کہ بیورو کریسی نے سازش کر کے ٹول پلازہ دوبارہ فعال کیا، اس سے پاکستان تحریک انصاف بدنام ہو رہی ہے، اگر ٹول پلازہ ختم نہ کیا گیا تو تاجروں کےساتھ مل کر احتجاج کروں گا۔ راجہ ریاض نے اپنے بیان میں حکومتی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ فیصل آباد نے سب سے زیادہ سیٹیں جیت کر دی لیکن فیصل آباد کو کوئی وزارت نہیں دی گئی۔چینی اسکیںڈل سے متعلق انہوں نے کہا کہ جہانگر ترین بے گناہ ہیں، اب وہ ملک میں واپس آچکے ہیں۔ یاد رہے کہ راجہ ریاض پیپلز پارٹی کا حصہ تھے لیکن انہوں نے 2016ء میں پاکستان تحریک انصاف کے فیصل آباد جلسے میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔ راجہ ریاض نے اختلافات کی بنا پر پیپلز پارٹی کو خیرباد کہا تھا لیکن بظاہر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد یہاں بھی ان کے کئی اختلافات رہے۔مختلف مواقع پر راجہ ریاض نے پاکستان تحریک انصاف کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے الیکشن میں ہم سے بہت برا سلوک ہوگا کیونکہ لوگ ہم سے سخت ناراض ہیں۔ عمران خان کے پاس اتنی بڑی سپورٹ تھی لیکن پھر بھی آج یہ صورتحال ہے۔ ہم روز اپنے ڈیرے پربیٹھتے ہیں ، ہمیں معلوم ہے لوگ ہم سے کتنا ناراض ہیں۔ پہلے جو10 ہزار کرپشن تھی آج 30 ہزار کی کرپشن ہورہی ہے۔ پی ٹی آئی کی کارکردگی اچھی نہ ہونے اور دیگر اختلافات کی بنیاد پر راجہ ریاض نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے کا عندیہ بھی دیا تھا لیکن تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close