شہباز، حمزہ کو پیرول پر رہا، ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے، والدہ کو ہفتے کے روز سپرد خاک کیا جائیگا

لندن /لاہور( این این آئی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ہفتہ کے روز سپرد خاک کیا جائے گا ، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو نماز جنازہ ،تدفین اور تعزیت کے لئے آنے

والوں سے ملاقاتوں کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کر دیا گیا ،لندن میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو پاکستان کے لئے روانہ کیا گیا ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر آج ( ہفتہ) کی علی الصبح ائیر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نما زجنازہ لندن میں ادا کی گئی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں، اسحاق ڈار اور قریبی عزیز واقارب نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق میت آج ہفتہ کی علی الصبح پاکستان پہنچے گی ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عزیز و اقارب اور پارٹی رہنما میت وصول کرنے کیلئے ائیر پورٹ پر موجود ہوں گے۔ میت کو بعد ازاں رائے ونڈ جاتی امراء لایا جائے گا جہاں شریف خاندان کے افراد اور عزیز و اقارب ان کا آخری دیدار کریں گے ۔ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس کی گرائونڈ میں ادا کی جائے گی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بیگم شمیم اختر کو جاتی امراء رائے ونڈ میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو نما ز جنازہ ، تدفین اور تعزیت کے لئے آنے والوں سے ملاقاتوں کے لئے پانچ روز کے پیرول پر رہا کر دیا گیا ۔جیل کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے موجود تھی جنہوںنے قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔جیل کے باہر جمع ہونے والے کارکنوںنے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انتہائی سخت سکیورٹی میں کوٹ لکھپت جیل سے ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹائون پہنچایا گیا جہاںپر پارٹی رہنمائوں نے ان سے ملاقات کر کے ان سے تعزیت کی ۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نماز جنازہ اور تدفین کے لئے کئے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا ۔ علاوہ ازیں بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کے لئے آنے والوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔ پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ آئی۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ عزیز و اقارب اور پارٹی کے سینئر رہنمائوںنے گزشتہ روز بھی جاتی امراء میں مریم نواز سے ملاقات کر کے ان کی دادی کے انتقال پر تعزیت کی ۔ رانا ثنا اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہو سکتا ہے بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ علامہ راغب نعیمی پڑھائیں لیکن حتمی فیصلہ شہباز شریف کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close