اسلام آباد، کراچی (پی این آئی )سوشل میڈیا پر انیس جیلانی نامی وکیل نے غلط ویڈیوز شیئر کرنے پر بختاور بھٹو سے معافی مانگ لی، میڈیا رپورٹس کے مطابق بختاور بھٹو نے انیس جیلانی کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ مذکورہ جعلی ویڈیو سےان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔بختاور کے ٹوئٹ کے جواب میں انیس جیلانی نے معافی مانگتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے
ویڈیوز اپنے اکائونٹ سے ڈیلیٹ کردی ہیں۔انیس جیلانی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری سے معافی مانگتے ہوئے ان کی منگنی اور نئی زندگی پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی محمود چوہدری کے ساتھ منگنی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب آج شام بلاول ہائوس کراچی میں ہوگی۔دریں اثنا نجی اسپتال میں زیرعلاج پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اپنی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں کچھ دیر کے لیے شرکت کرنے آئیں گے۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں،آج بلاول ہائوس میں منعقدہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں آصف علی زرداری کچھ دیر کے لیے شریک ہوں گے۔بختاور بھٹو زرداری کے چھوٹے بھائی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں