کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلائو روکنے کیلئے حکومت نے ہسپتالوں میں اضافی سٹاف بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا

کراچی (پی این آئی) کورونا وبا کی دوسری لہر کی شدت میں اضافے کے باعث حکومت سندھ نے صوبے کے ہسپتالوں میں اضافی اسٹاف بھرتی کرنے کی اجازت دے دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ کرونا وائرس کی ڈیوٹی کےلیے آئی سی یو اور ہائی ڈیسنٹی یونٹ

( ایچ ڈی یو) کےلیے اسٹاف بھرتی کیا جاسکتا ہے، یہ اسٹاف سرکاری اسپتال میں بھرتی ہوگا، جو کورونا کیسز کے حوالے سے اپنی خدمات انجام دے گا۔محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اسٹاف 89 روز کے لیے بھرتی کیا جائے گا، اس دوران انہیں تمام واجبات بھی ادا کیے جائیں گے۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سول ہسپتال ، سروسز ہسپتال ، لیاری جنرل ہسپتال ، لیاقت یونیورسٹی ہسپتال ، حیدرآباد جام شورو ، غلام محمد مہر میڈیکل کالج کے ایم ایس کو اسٹاف کی بھرتی کا مراسلہ بھیجا گیا ہے۔واضح رہے کہ سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کرونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7843 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 86198 تک جا پہنچے ہیں،اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1418 مریض کرونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔سندھ میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 167381 ہوگئی ہے ،2866 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 116506 ہے اور 2923 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں ،بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16942 اور اموات 165 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 45828 اور 1344 اموات ہوچکی ہیں۔ آزاد کشمیر میں 6403 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 152 افراد انتقال کرگئے،اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا کے مریضوں کی تعداد 4583 اور 96 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 28555 ہے اور اب تک 297 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں