پشاور(آئی این پی) پشاور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف فیصلے میں جج کے خلاف توہین آمیز پریس کانفرنس کرنے پر توہین عدالت کیس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، فواد چوہدری، وزیرمملکت شہزاد اکبر اور صوبائی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو طلب کرلیا۔جمعرات کوسابق صدر پرویز مشرف سنگین غداری کیس
فیصلے کے بعد خصوصی عدالت کے سربراہ جج جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کے معاملے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ میں وفاقی وزرا کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس روح الامین نے ہدایت کی کہ جنہوں نے توہین عدالت کی ہے وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر جاوید نے استدعا کی کہ فریقین کی طرف سے ہم اس کیس پر دلائل دیں گے۔ جسٹس روح الامین نے کہا کہ توہین عدالت جس نے کی وہ پیش ہوجائے پھر آپ کو بھی سنیں گے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وفاقی وزرا کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ پرویز مشرف پھانسی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی وزرا فروغ نسیم، فواد چوہدری، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں ان سب نے اسپیشل کورٹ کے سربراہ کے خلاف توہین آمیز جملے کہے تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں