ملتان(پی این آئی)جلسے کی تیاری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے ایف آئی آر کی کاپی پھاڑ دی ، ملتان میں 30 نومبر کو ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاری کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) نے ریلی نکالی، ریلی
میں شریک سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سید موسیٰ گیلانی نے ایف آئی آر کی کاپی پھاڑ دی۔یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں ریلی نواں شہر سے گھنٹہ گھر چوک روانہ ہوئی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو ریلی کی اجازت نہیں دی۔نواں شہر جانے والی تمام سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جبکہ نواں شہر چوک جانے والی تمام شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ڈیرہ اڈہ، کلمہ چوک، طارق روڈ، ابدالی روڈ سے چوک نواں شہر آنے والی سڑکوں پر ٹریفک بلاک ہوگئی۔سید موسیٰ گیلانی نے ریلی میں شریک ہو کر ایف آئی آر کی کاپی پھاڑ دی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ کے تالے توڑنے کی جھوٹی ایف آئی آر کروائی۔واضح رہے کہ ملتان میں اسٹڈیم قلعہ کہنہ قاسم باغ کا دروازہ توڑنے کی مبینہ کوشش اور عملے سے مزاحمت پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی اور علی قاسم گیلانی سمیت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے 30 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں