لاہور (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف کے پیچھے اسرائیلی ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف کسی کا پلانٹ کیا ہوا تھا اور وہ کسی کے لیے کام کر رہا تھا۔میاں صاحب کے بارے میں اگر کوئی ایسی بات
کرے تو وہ زیادتی والی بات ہے۔لیکن یہ بات ضرور ہے کہ میں بھی یہ سمجھتا ہوں کہ میاں صاحب جو کر رہے ہیں اُن کے پیچھے غیر محسوس طریقے سے اسرائیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا اندازہ ہے۔ اسرائیل کا روٹ امریکہ اور سعودی عرب کے ذریعے آتا ہے، اگر سعودی عرب کا کنگ میاں صاحب کو کہے گا کہ آپ اسٹینڈ لیں ہم آپ کے ساتھ ہیں تو پھر خود بخود انسان میں حوصلہ آ جاتا ہے۔یاد رہے کہ دو ماہ قبل مسلم لیگ ن نے اپنے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کی اسمبلی رکنیت ختم کروانے کا اعلان کیا تھا۔جلیل شرقپوری نے اے پی سی میں فوج مخالف تقریر کرنے پر نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ جلیل شرقپوری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاک فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے۔ مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی موقف سے اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے پر تیار ہیں۔نواز شریف کا فوج مخالف بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ن لیگی قیادت نے اے پی سی اجلاس کے دوران ہمارے دشمن بھارت اور مودی کی زبان بولی۔ اس لیے اپنی قیادت کے ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے اپنی جماعت سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا۔ تاہم اب انہوں نے ایک مرتبہ پھر قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے متعلق متنازعہ بیان جاری کرد یا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں