وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ، ڈی جی آئی ایس آئی کو بھی اہم عہدہ نواز دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے نیشنل انٹیلی جنس کو آرڈی نیشن کمیٹی (این آئی سی سی) کےقیام کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے حساس اداروں کے درمیان حساس معلومات کی باہمی ترسیل کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں تھی، جن کی آج وزیراعظم نے اصولی

طور پر منظوری دے دی ہے ۔ اس سے قبل قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی ( نیکٹا)کے تحت تمام حساس اداروں کو معلومات کی ترسیل کے لیے منظم کیا گیا لیکن اس سے کوئی بہتر نتائج برآمد نہ ہو سکے ۔وزیراعظم عمران خان نے ملک کے تمام حساس اداروں کی حساس اطلاعات کی حساس ہاتھوں میں ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک نئی رابطہ کمیٹی کی تجویز کی منظوری دی ہے ۔ نیشنل انٹیلی جنس کو آرڈی نیشن کمیٹی میں تمام حساس اداروں کی نمائندگی ہوگی اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کمیٹی کے سر براہ ہوں گے۔این آئی سی سی تمام حساس معاملات پر بروقت اطلاعات کے تبادلےکو یقینی بنائےگی،کمیٹی کے قواعد وضوابط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تمام حساس ادارے اس رابطہ کمیٹی میں جو اطلاعات بھیجیں گے اس پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ فوری کارروائی یقینی بنائی جاسکے گی۔وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی کی تجاویز کی منظوری دے دی ہے، جلد ہی کمیٹی کا ڈھانچہ مرتب کر کے باقاعدہ طور پر این آئی سی سی کا قیام عمل میں آ جائے گا ۔کمیٹی کے قیام سے حساس ادارے معلومات کا تبادلہ کر سکیں گے اور دہشتگردی اور خطرناک جرائم کی روک تھام میں مدد حاصل ہو سکے گی ۔

close