پاکستان نے بھارت کی جانب سے کسی’ فالس فلیگ آپریشن‘ کے امکان کے بارے میں عالمی برادری کوایک بار پھر خبردار کردیا

اسلام آباد(این این آئی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرکے ضلع نگروٹا میں نام نہاد دہشت گرد حملے کے بارے میں بھارتی وزارت امور خارجہ کی طرف سے غیرملکی سفیروں کے گروہ کو بریفنگ دینے سے متعلق میڈیا کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے

کسی’ فالس فلیگ آپریشن‘ کے امکان کے بارے میں عالمی برادری کوایک بار پھر خبردار کردیا۔پاکستان نے جب سے بھارت کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کرانے، اس کی منصوبہ بندی، معاونت اور سرپرستی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد (ڈوزئیر) دنیا کے سامنے پیش کئے ہیں، اس وقت سے بھارتی حکومت نے اپنے جھوٹے بیانات، من گھرٹ شواہد اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان مخالف مہم تیز کردی ہے۔زاہد حفیظ چوہدری کے بیان کے مطابق بھارتی وزارت امور خارجہ کی مذکورہ بریفنگ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کسی مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں پاکستان کو ملوث کرنے کی شرانگیزی کی ایک اور کوشش ہے۔ انہوںنے کہاکہ مایوسی پر مبنی قطعی بے بنیاد اور کھوکھلے بھارتی الزامات پاکستان کو دہشت گردی کے جھوٹے بیانیہ میں ملوث کرنے کی بھارتی کوششوں کا مظہر ہیں تاکہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میںجاری ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف بھارتی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کی حقیقت سے دنیا کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے کسی فالس فلیگ آپریشن کے امکان کے بارے میں پاکستان مسلسل عالمی برادری کو آگاہ کرتا آرہا ہے جس سے علاقائی امن وسلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ ہم دنیا کو ایک مرتبہ پھر خبردار کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بھارت کو بے نقاب کرتارہے گا اور بھارتی پراپگنڈے سے دنیا کو گمراہ نہیں ہونے دے گا۔ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے تمام ادارے پاکستان کے پیش کردہ ڈوزئیر پر کارروائی کریں جس میں بھارت کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں