مزید کتنے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف کورونا وائرس کا شکار ہو گیا؟ انتہائی تشویشناک تفصیلات آگئیں

پشاور (پی این آئی) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، ان میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس بھی شامل ہیں جہاں صوبہ خیبر پختونخوا میں دو بڑے ہسپتالوں میں درجنوں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے۔ تفصیلات

کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 25 ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں 8 ٹی ایم اووز ، 2 اسسٹنٹ پروفیسر اور پیرا میڈیکس سمیت ایڈمنسٹریشن سٹاف بھی شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے دوسرے بڑے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بھی ڈاکٹروں سمیت دیگر عملے کے 50 اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔دوسری طرف ملک بھر میں کورونا نے ایک مرتبہ پھر سے شدت اختیار کر لی ہے ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 34 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 2756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی جب کہ کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 14 ہزار 508، سندھ میں ایک لاکھ 63 ہزار 329، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 599، بلوچستان میں 16 ہزار 810، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 542، اسلام آباد میں 27 ہزار 18 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 123 کیسز رپورٹ ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 16 ہزار 955 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 929 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 885 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 34 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 696 ہوگئی۔پنجاب میں 2 ہزار 861، سندھ میں 2 ہزار 829، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 327، اسلام آباد میں 279، بلوچستان میں 161، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 144 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close