مسلم لیگ (ن) نے سیاسی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیگم شمیم اختر کی وفات پر تین دن کیلئے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال کے باعث تعزیت کیلئے سیاسی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی

نائب صدر مریم نواز بھی جاتی عمرہ میں موجود ہیں ۔جبکہ ن لیگ نے 3 روز تک تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارٹی نے تین دن کیلئے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں، تمام لیگی رہنماؤں کی جاتی عمرہ آمد جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف اور عطاءاللہ تارڑ سمیت دیگر لیگی رہنماؤں نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ کئی دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی اظہار تعزیت کیا گیا۔ جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے، وہ جہاز کا سفر نہیں کر سکتے، ان کی وطن واپسی ڈاکٹروں کی اجازت سے مشروط ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنماعطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈی سی لاہور کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست دے دی گئی ہے۔ڈی سی لاہور کو دی گئی درخواست میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی دو ہفتوں کیلئے پیرول پر رہائی مانگی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز میاں نواز شریف اور میاں شہباز کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی تھیں، ان کی عمر 90 برس تھی ۔ بیگم شمیم اختر کی تدفین پاکستان میں ہوگی، ان کی میت کو جلد پاکستان لایا جائے گا، اس حوالے سے لندن انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے، ان کی ایک نماز جنازہ لندن جبکہ دوسری پاکستان میں پڑھائی جائے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close