اسلام آبا د(پی این آئی)مجھے تکلیف بھی ہے، میں اپنے بچوں کے ساتھ جاوں گی، مریم نواز نے مرحومہ دادی کا نواز شریف کے ساتھ جیل جانے کے اصرار پر پیغام شیئر کر دیا، مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گزشتہ روز انتقال کر جانے والی دادی بیگم شمیم اختر کا
یادگار ویڈیو پیغام شیئر کردیا۔مریم نواز نے اپنی ٹوئٹر پروفائل میں لیگی کارکن کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں بیگم شمیم اختر کو یہ کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ ’ان لوگوں نے جن لوگوں نے مجھے پریشان کر دیا اپنے بچوں کی وجہ سے چاہے مجھے تکلیف بھی ہے میں اپنے بچوں کے ساتھ جاؤں گی۔‘ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ نواز شریف جب مریم کے ساتھ جیل جانے آ رہے تھے تو والدہ زخمی دل لیے ساتھ جانے کے لیے بضد تھیں۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی بہن کوثر اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت کو لے کر دو سے تین روز میں لندن سے پاکستان روانہ ہوں گی۔نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں طویل سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جبکہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004ء میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں