تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ، آج ہو گا

اسلام آباد(پی این آئی)تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ، آج ہو گا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا۔اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس نیشنل

کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق مشاورت ہوگی اور موسم سرما کی چھٹیاں جلد اور لمبی کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔قبل ازیں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ایک اجلاس 16 نومبر کو ہوا تھا اور وزارت تعلیم نے کورونا کیسزبڑھنے پر تعلیمی اداروں سے متعلق تجاویز صوبوں کو بھجوائی تھیں۔گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ کل تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کل بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ تمام فیصلوں کا اعلان کل دن 1230 بجے ایک پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی سیشن، امتحانات اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے متعلق تین مختلف تجاویز صوبوں کی بھجوائی تھیں۔تعلیمی ادارے بند کرنے کے حوالے سے پہلی تجویز میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کر دیا جائے یا پھر 24 نومبر سے پرائمری اسکولز، 2 دسمبر سے مڈل اسکولز جب کہ 15 دسمبر سے ہائیرسیکنڈری اسکولز کو بند کرنے کی تجویز دی گئی۔اسی طرح وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو مارچ کے بجائے 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز دی گئی۔امتحانات کے حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم نے صوبوں کو تجویز دی تھی کہ میٹرک،انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جون 2021 میں لیےجائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close