اسلام آباد (پی این آئی)نیب اور این آر او کیسز سے ہٹ کر عمران خان ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، شیخ رشید، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں الیکشن آزاد امید واروں نے جیتا ہے، ووٹ بینک کے حساب سے بھی آزاد امیدوار ہی جیتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر شیخ
رشید احمد کا اپوزیشن کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ لوگ قوم کو بند گلی میں لے کر جارہے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز نے بیان دے کر عمران خان کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو مرضی آپ کر لیں، بالآخر قوم سمجھتی ہے ان جلسوں سے کچھ نہیں نکلتا، امید ہے کہ حکومت سمیت ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو گا۔شیخ رشید نے کہا کہ اس ڈائیلاگ کی کیا حیثیت ہوگی جس میں حکومت نہیں ہو گی، خدا اپوزیشن کو عقل و شعور دے کہ وہ تیزی سے مذاکرات کی طرف آئیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو گا، نیب اور این آر او کیسز سے ہٹ کر عمران خان ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ جب سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات چیت نہیں کرتے تو سیاست کا جنازہ نکلتا ہے، مجھے امید ہے اس ملک میں سیاست کا جنازہ نہیں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کس طرح ہمیں کہنا چاہتے ہیں کہ ہم غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے آئے، کوئی بھی عقل کا اندھا یہ نہ سوچے کہ پاکستان کی عظیم فوج کو ملک کے کسی مسئلے سے الگ کیا جا سکتا ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ فوج میں بڑا تحمل ہے، وہ اپوزیشن کی طرح بے وقوف اور جذباتی نہیں، جنرل باجوہ نے ایک نہیں چار مرتبہ کہا ہے کہ جس کی بھی حکومت ہوگی فوج اس کے ساتھ کھڑی ہو گی۔وزیرِ ریلوے کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سمجھتے ہیں کہ جلسے کر کے کورونا وائرس پھیلا کر حکومت کو شکست دیں گے تو یہ شکست نہیں دے سکتے، آپ بند گلی کی طرف قوم کو لے جا رہے ہیں، اس کا اپوزیشن کو نقصان زیادہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں