کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ، ایک اور صوبائی حکومت نے اسمارٹ لاک ڈائون لگانے کا اعلان کر دیا

کوئٹہ (پی این آئی) ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد صوبہ بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان نے صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز والے

علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا جائے گا جب کہ سرکاری و نجی دفاتر، ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز سمیت تمام مقامات پر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ماسک استعمال نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام تفریحی مقامات شام 6 بجے کے بعد بند کردیے جائیں گے۔ شاپنگ مالز، مارکیٹ، شادی ہال اور ریسٹورنٹس بھی رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کرتے ہی عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں 2208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 626، سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 815، بلوچستان میں 16 ہزار 529، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 467، اسلام آباد میں 24 ہزار 871 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 50 لاکھ 18 ہزار 483 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر سے شہر بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا عندیہ دے دیا ہے البتہ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close