کورونا وائرس کی واپسی، تعلیمی ادارے24 نومبر سے 31 دسمبر تک بند رکھے جائیں، وفاقی وزارت تعلیم نے مراسلہ تیار کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی وزرات تعلیم نے تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے مراسلہ تیار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومتوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں ۔ وزارت تعلیم کی جانب سے پہلی تجویز یہ دی گئی ہے کہ تعلیمی ادارے

24 نومبر سے 31 دسمبر تک بند رکھے جائیں، دوسری تجویز یہ دی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کو اگر 24 نومبر سے بند نہیں کیا جا رہا تو پرائمری سکولوں کو 24 نومبر سے بند کردیا جائے ۔2 دسمبر سے مڈل سکولوں کو بند کردیا جائے اور 15 دسمبر سے ہائیر سیکنڈری سکولوں کو بند کردیا جائے ۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو آن لائن تعلیم کی تربیت دی جائے اور ڈسٹنس لرننگ پر عمل کروایا جائے، اس سلسلے میں اساتذہ کو بلا کر ٹریننگ دینے کی تجاویز دی گئی ہیں، جبکہ تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جون 2021 میں لینے کی بھی تجویز زیر غور ہے ۔ کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آن لائن ایجوکیشن پر زور دیا جا رہا ہے ۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس 23 نومبر کو شیڈول ہے جس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے صوبے اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔ اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ کورونا کی روک تھام سے متعلق پورے ملک میں اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا لیکن اسکول بند نہ کرنا ہماری ضد نہیں ہے۔ اگر صورتحال خراب ہوئی تو اسکول بند کر سکتے ہیں۔گذشتہ روز وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں رواں برس موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے شیڈول میں موسم سرما کی تعطیلات شامل نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close