کراچی(پی این آئی)تھانوں کے حوالات سے کورونا پھیلنے کا انکشاف، عدالتی عملہ خوفزدہ، جیلوں نے ملزمان وصول کرنے سے انکار کر دیا، شہر قائد کے پولیس تھانوں کے لاک اپ میں کرونا پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے، عدالت میں پیشیوں کی وجہ سے عدالتی عملہ بھی خوف زدہ رہنے لگا، دوسری طرف جیل حکام نے بھی
ملزمان لینے سے انکار کر دیا ہے۔سٹی کورٹ ریمانڈ کے لیے پیش کیے گئے ملزمان کرونا میں مبتلا نکلے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ کرونا کا شکار ہونے والے گرفتار ملزمان میں عدنان، جاوید رند اور نواز شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کو جیل میں داخل کرنے سے قبل کرونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جس سے پتا چلا کہ تینوں ملزمان کرونا میں مبتلا ہیں، جس کے بعد جیل حکام نے بھی کرونا مبتلا ملزمان کو لینے سے انکار کر دیا۔ادھر عدالت پیشی پر عملہ خوف زدہ رہنے لگا ہے، پیشی کے موقع پر عدالت نے ملزمان کو اسپتال میں داخل کرانے کا حکم جاری کر دیا، جب کہ پراسیکیوٹر شمیم احمد کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پیش کرنے والا پولیس افسر بھی کرونا میں مبتلا نکلا ہے۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالت میں بہت رش ہوتا ہے اس لیے عدالتی عملہ خوف زدہ ہے کہ کہیں وہ بھی کرونا کا شکار نہ ہو جائیں۔ پراسیکیوٹر کے مطابق مذکورہ ملزمان کو پہلی بار پیش کیا گیا تھا اور وہ بہ ظاہر صحت مند ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں