وہ صوبہ جہاں یکم دسمبر سے یکم مارچ تک تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دینے کا فیصلہ کر لیا گیا

کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے باعث موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ صوبے میں موسم سرما کی چھٹیاں قبل از وقت دی جارہی ہیں ۔ تعلیمی اداروں میں یکم دسمبر سے چھٹیاں ہوں گی۔ تین ماہ

کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے یکم مارچ کو کھلیں گے ۔بلوچستان میں نیا تعلیمی سال مارچ سے شروع ہوگا ۔ یاد رہے کہ پیر کے روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبائی وزرا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ بچوں اور اساتذہ کی جان زیادہ عزیز ہے۔ بچوں اور اُساتذہ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں 20 نومبر سے 31 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات دینے کی تجویز پیش کی گئی ۔ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے معاملے پر کچھ شرکا نے حمایت کی اور کچھ نے مخالفت کردی۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے ریجن کے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گلگلت میں حالیہ انتخابات کے انعقاد کے بعد احتیاط کے طور پر تعلیمی ادارے کچھ روز کیلئے بند رکھے جائیں گے۔ ریجن کے تمام تعلیمی ادارت 17 سے 23 نومبر تک بند رہیں گے۔ جبکہ تعلیمی اداروں کی مزید بندش کے حوالے سے فیصلہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close