لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے – ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوران حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے شاندار تقریبات منعقد ہوں گی۔لاہور میں نعتیہ مشاعرے
اور محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا -پنجاب میں 50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ کا اجراء کیا جا رہا ہے -25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف دئیے جائیں گے اورصوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنے والے غریب اور نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ بھی دیئے جائیں گے اوران طلبہ و طالبات کی فیس اور رہائش کیلئے مالی معاونت کی جائے گی-انہوں نے کہا کہ ہر سال ماہ ربیع الاول میں 50 کروڑ کے ابتدائی فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا-ہر سال ربیع الاول میں نعتیہ مشاعرے ہوں گے جن میں ملک بھر سے نامور اور جید شعراء کو مدعو کیا جائے گا-اندرون اور بیرون ممالک سے نامور سکالرز اور محققین کو مدعو کیا جائے گا جو سیرت مبارکؐ پر مقالہ جات پیش کریں گے-صوبہ، ڈویژن، ضلع، یونیورسٹیز اور بورڈز کی سطح پر سیرت النبیؐ پر تقریری مقابلے کرائے جارہے ہیں-جیتنے والے طلبا و طالبات کو اسناد اور نقد انعامات دئیے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ؐ کو اجاگر کرنے کیلئے اسلا می خطاطی کے مقابلے بھی منعقد ہورہے ہیں -بہترین خطاط کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا-محسن انسانیت حضرت محمدؐکی حیات مبارکہ پر مختصر ڈاکومنٹری بنانے کامقابلہ شروع ہوچکا ہے-بہترین قرار پانے والی ڈاکومنٹری کو تمام ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا اورونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا- ہفتہ رحمت اللعالمین ؐکے دوران صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر نعت خوانی اور قوالی کی محافل کا اہتمام کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐکی شان کو بیان کرنا کسی کے بس میں نہیں ،یہ ایک عاجزانہ کاوش ہے-اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں