اسلام آباد (این این آئی)ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی قوانین کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری کے مطابق وفاقی وزرا اور معاونین ووٹ خریدنے کیلئے بولیاں لگاتے رہے اور
الیکشن کمیشن آنکھیں بند کر کے بیٹھا رہا ۔سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ وفاقی وزرا اور معاون الیکشن کمیشن تو درکنار سپریم ایپلیٹ کورٹ کے احکامات کی بھی دھجیاں بکھیرتے رہے ۔ انہوںنے کہاکہ بہت سی پولنگ سٹیشنوں پر تاخیری حربے استعمال کر کے ووٹروں کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے ، جن حلقوں میں کانٹے دار مقابلہ ہے وہاں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار کیا گیا ہے، پی پی پی امیدواروں کی شکایات اور نشاندہی پر بھی الیکشن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کر رہا ۔سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ الیکشن کمیشن پولنگ اور گنتی کے عمل کو شفاف بنا کر خود کو متنازعہ ہونے سے بچائے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں