جی بی الیکشن،برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکلے90 سال کے بزرگ ووٹر بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے

اسکردو(آئی این پی ) گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کے دوران عوام کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق تھا ، لوگ برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی ووٹ ڈالنے نکلے ۔ تفصیلات کے مطابق اسکردو حلقہ 2 چنداہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ بھی عوام کے جذبے کو کم نہ کر سکا،

سینکڑوں لوگ اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے باہر اپنی باری کے انتظار میں موجود تھے ۔ غذر میں پھنڈر میں برف باری کے دوران پولنگ جاری رہا ، جب کہ پولنگ کے عمل کو محفوظ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پولیس عملہ بھی چوکس ہر جگہ موجود تھا ۔ گلگت میں جوان تو جوان بوڑھے بزرگ بھی جوش و خروش سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پہنچے ۔ الیکشن میں اپنے قیمتی ووٹ کو استعمال کرنے ایک 90 سال کے بزرگ ووٹر بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔ غذر میں ایک شہری نے شیر قلعہ میں ضعیف دادی کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دینے کے لیے پیٹھ پر اٹھا کر پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا، جس سے مقامی لوگوں میں ووٹ کے حق کے استعمال کا ولولہ ظاہر ہوتا ہے۔چند علاقوں میں پولنگ کا عمل تاخیر کا بھی شکار ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ چلاس، دیامر 16حلقہ ون میں تھک لوشی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، 7میں سے ایک بوتھ میں عملہ موجود تھا اور باقی صبح سے غائب تھا۔ حلقہ 2 کشروٹ فاریسٹ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ سست روی کا شکار رہی، جس کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں، ایک بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے کھڑے ہیں، انھوں نے بتایا کہ وہ دمے کے مریض ہیں۔ تاہم مجموعی طور پر شدید سردی کے باوجود گلگت کے پولنگ اسٹیشنز میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا ۔ اسکردو میں عام لوگوں کے ساتھ مریضوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز لایا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close