لاہور( این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تربت سے واپسی پر رات گئے ملتان شہر کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صبح نشتر ہسپتال ملتان کا بھی بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پرائیویٹ گاڑی میں شہر کا دورہ کیا اور صبح بھی نجی گاڑی میں اچانک ہسپتال
پہنچے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دوروں سے انتظامیہ اور پولیس حکام مکمل لاعلم رہے- وزیراعلیٰ نے ملتان میں صفائی کی صورتحال اور دیگر شہری سہولتوں کاجائزہ لیا -وزیراعلیٰ نے نشترہسپتال میں مریضوںکے علاج معالجے کی سہولتوں کامعائنہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صفائی کی خراب صورتحال اور ہسپتال میں علاج معالجے کے حوالے سے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس نشتر ہسپتال اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو معطل کرنے کاحکم دیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کااظہار کیا اور نشترہسپتال میں علاج معالجے کے حوالے سے عوام کی شکایات پر سخت ناراضگی کااظہارکیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں-صفائی نصف ایمان ہے، ملتان شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر بہت افسوس ہوا ہے- نشتر ہسپتال کے دورے کے دوران بھی انتظامات تسلی بخش نہ تھے-شہری سہولتوں سے متعلقہ محکمے اپنا قبلہ درست کر لیں- عثمان بزدار نے کہاکہ میں ہر شہر کے سرپرائزوزٹ کر کے شہری سہولتوں کا خود جائزہ لیتا رہوں گا-متعلقہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور انتظامات کاجائزہ لیکر بہتری لائیں- دفتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے نہیں چلے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں