لاہور( این این آئی )محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کی اہلیہ ،بیٹے اورسابق مئیر سیالکوٹ سمیت 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے ملزمان کے خلاف سرکاری خزانے کو مجموعی طور پر 7کروڑ 80لاکھ روپے نقصان
پہنچانے پر ریفرنس محکمہ اینٹی کرپشن کو بھیجا تھا جس میں9افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی ۔ ریفرنس کے مطابق ملزمان نے سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر سوسائٹی میں شامل کرکے سرکاری خزانے کو 6 کروڑ 50 لاکھ کا نقصان پہنچایا۔سوسائٹی مالکان سرکاری زمین استعمال کرنے کی مد میں 1 کروڑ 30لاکھ کے بھی نادہندہ ہیں ۔ریفرنس کے مطابق کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سابق میئر سیالکوٹ چوہدری توحید ،خواجہ محمد آصف کی اہلیہ مسرت خواجہ اور بیٹے اسد خواجہ کی ملکیت ہے ۔کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی میں عوامی مقامات ،اوپن ایریا ، کمیونٹی سینٹر اور قبرستان کے لئے مختص زمین کو پلاٹس بنا کر بیچ دیا ۔کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی کو 137 کنال پر رجسٹر کروا کے بعد میں غیر قانونی طریقے سے 281 کنال مزید شامل کر لیا گیا۔ ریفرنس کے مطابق پرائیویٹ ہائوسنگ اسکیم رولز کے تحت کسی بھی منظور شدہ ہائوسنگ اسکیم کے نقشہ میں سوائے قبرستان کی لوکیشن کے کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔اینٹی کرپشن کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں