روم (پی این آئی) کورونا وائرس نے پہلی لہر میں اٹلی میں خوفناک تباہی مچائی تھی اور اب دوسری لہر میں بھی اٹلی ایک بار پھر اس موذی وباء کے نشانے پر آ گیا ہے اور وہاں سے ایسے مناظر سامنے آ رہے ہیں کہ دیکھ کر آدمی خوفزدہ ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق اٹلی میں اپریل کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی
تعداد ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بدھ کے روز ایک دن میں اٹلی میں 623ہلاکتیں ہوئیں اور اس شرح میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہور ہا ہے۔ہسپتالوں میں ایک بار پھر لاشیں پڑی نظر آنے لگی ہیں۔ منظرعام پر آنے والی ایک ویڈیو میں اٹلی کے شہر نیپلز کے کارڈیریلی ہسپتال کے مناظر دکھائے گئے۔اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہسپتال کے باتھ روم میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والی ایک مریض کی لاش پڑی ہوتی ہے۔ ہسپتال کی راہ داری میں کئی لاشیں پڑی ہوتی ہیں اورکئی کورونا وائرس کے مریض ان لاشوں کے پاس پڑے بیڈ ملنے کے منتظر ہوتے ہیں۔ اٹلی کے وزیرخارجہ، جن کا تعلق اسی علاقے سے ہے، نے نیپلز میں صورتحال کو ’آئوٹ آف کنٹرول‘ قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کے اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے کیونکہ اب مزید وقت نہیں بچا اور نیپلز سمیت پورا علاقہ بڑی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز تک اٹلی میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 37ہزار 978سے تجاوز کر چکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلی لہر سے زیادہ تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں