تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کب سے دی جائیں گی؟ طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) حکومت پنجاب نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کرنے کی تجویز پر عمل درآمد کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وباء اور سموگ کی وجہ سے لوگوں میں مختلف بیماریوں کے رحجان میں اضافہ پایا جا رہا ہے

جس کے پیش نظر حکومت کو تجویز دی گئی کہ صوبہ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کی جائیں جس پر عمل درآمد کے لئے اقدامات میں اسی ماہ اگلے ہفتے سے 15 دسمبر تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات دینے پر غور کیا جا رہا ہے جس کا فیصلہ آئندہ دو یوم میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق تمام پرائیویٹ اور تعلیمی اداروں میں ایک ساتھ تعطیلات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے سکولز کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے جس کا مقصد ایک ماہ کی تعطیلات دے کر چھوٹے بچوں کو کورونا سے محفوظ رکھنا ہے دوسری طرف حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانے کا عندیہ دیدیا ہے ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافے کے باعث حکومت نے ہر قسم کے شادی ہالز کو بند کرنے اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے پر بھی غور شروع کردیا ہے تاکہ کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی وباء کو روکنے میں مدد ملے سکے ۔دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں انہیں سیل کررہے ہیں اور اگر ماضی جیسی صورتحال ہوئی تو اسکول بند کرنے پڑیں گے۔ تعلیمی اداروں میں رنڈم ٹیسٹنگ ہورہی ہے۔ بچوں اور اساتذہ کی زندگیاں زیادہ ضروری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close