نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ لیگی قائد نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کام جاری ہے لیکن ان کو کب

تک وطن واپس لایا جا سکے گا اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا ۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بہت جلد نواز شریف کو وطن واپس لے آئیں گے، اس کے لیے چاہے انہیں لندن ہی کیوں نہ جانا پڑے وہ نواز شریف کو وطن واپس لے کر آئیں گے ۔ وزیراعظم نے کئی ٹی وی انٹرویوز میں بھی دعویٰ کیا کہ وہ جلد نواز شریف کو وطن واپس لے آئیں گے ۔اس سے قبل وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان بھی نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے دعویٰ کر چکے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ برطانوی حکومت سے آفیشل ریکوزیشن کی گئی ہے، حکومت پاکستان نے برطانیہ سے نواز شریف کی ایکسٹرڈیشن مانگی ہے، جس کے بعد ایکسٹرڈیشن کی کارروائی جاری ہے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی سزا پاکستان میں ہی پوری کریں گے۔برطانیہ کسی مجرم کو بیماری کی آڑ میں چھپا کر نہیں رکھے گا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاس برطانیہ میں علاج کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ ان کے برطانیہ میں مقیم رہنے کے چانسز تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف جو زبان استعمال ہوئی قوم نے اسے بری طرح مسترد کر دیا ہے۔ قوم اداروں سے محبت کرتی ہے، ان کا بیانیہ یہاں نہیں چل سکتا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close