وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے خصوصی فنڈز جاری کر دیئے

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کورونا ویکسین خریدنے کے لیے فنڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے ،

وزیراعظم عمران خان کورونا ویکسین خریدنے کے لیے خصوصی اجازت دی ہے، عمران خان نے کورونا کی مؤثر ویکسین اوربروقت ملک میں ویکسین منگوانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ۔اس سے قبل ترجمان وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ رواں برس جنوری 2020ء سے دنیا بھر میں عالمی وباء کورونا ویکسین کی تیاری کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں ، ویکسین کے دستیاب ہوتے ہی اس کی فراہمی کی مربوط حکمت عملی پرکام کیا جارہا ہے ، پاکستان میں کورونا ویکسین پر بنائی گئی ماہرین کی خصوصی کمیٹی اس تمام صورتحال کی نگرانی کررہی ہے ، ویکسین کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ ساتھ گاوی اور کوویکس سے بات چیت کی جارہی ہے ، کورونا ویکسین کے دستیاب ہوتے ہی ملک بھر میں اس کی ترسیل کے انتظامات پرکام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسین کے ٹرائلز کا عمل بھی جاری ہے ، جب ان تمام ویکسین کے ٹرائلز مکمل ہوجائیں گے تو اس کے بعد ڈیٹا کا تجزیہ کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے کورونا کے چیئرپرسن ڈاکٹر عطاالرحمان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین پر ابھی خوشیاں نہ منائی جائیں ، کیوں کہ عالمی وباء کی ویکیسن آنے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں