آخری آپشن اسمبلیوں اور سینٹ سے استعفوں کا ہو گا،سابق وزیراعظم نے حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

رحیم یار خان(پی این آئی) سابق وزیر اعظم و پی پی پی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں سول بالادستی قائم کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے او ر پی پی پی کی تاریخ سول بالادستی کے لئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔گزشتہ روز ڈھلوں ہاؤس میں پی پی پی ورکرز کنونشن اور صحافیوں

سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے پاکستان میں انسانی و معاشی حقوق کے ساتھ ساتھ آئین کی بحالی اور میڈیا کی آزادی کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں جبکہ مہنگائی اور لاقا نونیت کا خاتمہ بھی پی پی پی کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ 30نومبر کو پی پی پی کی میزبانی میں ملتان میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ جنوبی پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا جس سے مولانا فضل ارحمن ، بلاول بھٹو زرداری،مریم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے دیگر قائدین کے علاوہ سابق صدر آصف رلی زرداری و سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی وڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اب تک ہونے والے تینوں جلسوں میں عوام کی غیر معمولی شرکت دراصل عمران خان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے خاتمے کے لئے پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام آپشنز استعمال کرنے کے ساتھ ساتھان کے پاس آخری آپشن اسمبلیوں اور سینٹ سے استعفوں کا بھی موجود ہے جو کسی بھی وقت استعمال ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی 1973ء کے آئین کی بانی ہے مگر بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس آئین میں اتنی ترمیمات کی کہ 1973ء کا آئین نہ پھر پارلیمانی رہا اور نہ ہی صدارتی مگر پی پی پی نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 1973ء کے آئین کی نہ صرف اصل شکل بحال کی بلکہ اس سے صوبوں کو بھی مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ این ایف سی ایوارڈ بھی دیا جس سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی۔اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ عام انتخابات2018ء سے قبل صوبہ محاز والوں نے ان سے بھی مذاکرات کئے تھے اور وہ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام بارے اتفاق ہونے پر پی پی پی سے سیاسی اتحاد کر سکتے تھے مگر عمران خان نے انہیں100دن کا لولی پاپ دے کر ان سے اتحاد کر لیا لیکن جنوبی پنجاب کے عوام ابھی تک نئے صوبے کی راہ دیکھ رہے ہیں ۔قبل ازیں پی پی پی کا ڈویژنل کنونشن بھی ہوا جس سے یوسف رضا گیلانی،مخدوم سید احمد محمود،جاوید اکبر ڈھلوں،حبیب الرحمان گوپانگ،میاں عامر شہباز،جاوید حسن داد گجر و دیگر نے بھی خطاب کیا اور 30نومبر کو ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت بارے لائحہ عمل طے کیا گیا۔کنونشن میں ڈویژن بھر سے پی پی پی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کچیر تعداد میں شرکت کی۔

close