اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا اعلان کرتے ہوئے ترجمانوں کو ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومتی ترجمان قومی بیانیے پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں ، اپوزیشن ملک دشمنی پر اترآئی، ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔
بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں کئی وفاقی وزرا، مشیران اور معاونین نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی امورپر مشاورت کی گئی اور اپوزیشن کے بیانیے، ملکی معیشت اور مہنگائی پر غور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومتی ترجمان قومی بیانیے پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ملک دشمنی پر اترآئی، ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ گیلپ سروے کے مطابق ہم گلگت بلتستان الیکشن جیت رہے ہیں، ترجمان قومی بیانیے کو فروغ دیں اور اپوزیشن کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 15 نومبر کو ہونے ہیں اور ملکی سیاسی قیادت گلگت میں انتخابی مہم میں سرگرم ہے۔اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے انتخابی جلسوں میں بھی وفاقی حکومت پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں