ن لیگ کو بڑا جھٹکا لگ گیا، سابق وزیر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل

گلگت بلتستان (پی این آئی) مریم نواز کی گلگت بلتستان میں موجودگی کے دوران ہی مسلم لیگ ن کو ایک زبردست جھٹکا لگ گیا۔مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر امین نے ساتھیوں سمیت پاکستان

تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔میجر (ر) امین نے کہا کہ ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی اُمیدوار آمنہ انصاری کی بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی نے کہا کہ 15 نومبر گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک تاریخ ساز دن ہے۔ گلگت بلتستان کو محرومیاں دینے والوں کا ووٹ سے احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شکست کے آثار نے شریفوں اور زرداریوں کی نیندیں اُڑا دی ہیں۔خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کی جانب سے پنڈال سجانے اور جلسے جلوس منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور انتخابی مہم زور و شور سے چلائی جا رہی ہے۔مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی گلگت بلتستان میں موجود ہیں۔لیکن مریم نواز کی وہاں موجودگی کے باوجود لیگی رہنما کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کو گلگت بلتستان میں ن لیگ کی غیر مقبولیت سے منسوب کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ن لیگ کے وزیراعلیٰ کی گلگت بلتستان میں کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے ہی مسلم لیگ ن کی انتخابات میں پوزیشن قدرے کمزور دکھائی دے رہی ہے۔ جبکہ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close