شبلی فراز نے ریڈیو سے 749 ملازمین کی برطرفی کا ملبہ بھی سابقہ حکومت پر ڈال دیا، ماضی کی غلط پالیسیوں اور غیر قانونی بھرتیوں نےاداروں کو تباہ کیا

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ اداروں کو مضبوط بنانا، روزگار کا تحفظ اور فروغ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے،کوئی بھی سیاسی حکومت ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالنا چاہتی،ماضی کی غلط پالیسیوں اور غیر قانونی بھرتیوں نے اداروں کو تباہ حال کیا،ریڈیو پاکستان ملک و

قوم کی آواز ہے،اس کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔منگل کووفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی ریڈیو پاکستان آمد پر ڈی جی ریڈیو امبرین جان نے ریڈیو پاکستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر اطلاعات کو بریفنگ دی ۔وزیر اطلاعات نے برطرف ملازمین کے نمائندگان سے ملاقات کی ۔ڈی جی ڈی ریڈیو اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود تھے ۔ملازمین کے نمائندگان نے وزیر اطلاعات کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعا ت شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان ملک و قوم کی آواز ہے،اس کی بہتری اور ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں اور غیر قانونی بھرتیوں نے اداروں کو تباہ حال کیا، ہمیں اداروں میں کام کرنے اور نہ کرنے والے ملازمین کے مابین تفریق کرنا ہو گی۔وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برطرف ملازمین کے حوالے سے مکمل حقائق اور اعداد و شمار سامنے لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ برطرف ملازمین کے حوالے سے قواعد و ضوابط کو مدِ نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی حکومت ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالنا چاہتی،اداروں کو مضبوط بنانا، روزگار کا تحفظ اور فروغ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close