ڈیل کے تحت پاکستان واپسی، جہانگیر ترین کو سیاسی جوڑ توڑ کیلئے بلایا گیا، بڑا دعویٰ آگیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیرترین ڈیل اور پراجیکٹ کے تحت واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین وطن واپس جوڑ توڑ کے لیے آئے ہیں لیکن اب نواز شریف کی سیاست اور جدوجہد جوڑ توڑ سے کافی آگے نکل چکی ہے۔ انہوں

نے کہا کہ ہم نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔گزشتہ 70 سال سے یہ ملک آگے نہیں بڑھ رہا۔ لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 10سال سے جو اثاثے تھے آج بھی وہی ہیں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ حکومت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ گذشتہ ایک سال سے نیب میرے خلاف انکوائری کر رہا ہے اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین 7 ماہ برطانیہ میں قیام کے بعد پاکستان واپس پہنچے تھے۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ میں علاج کی غرض سے باہر گیا تھا، کیونکہ میں ہرسال علاج کے لیے باہر جاتا ہوں ، ایسی صورتحال میں اپوزیشن کی طرف سے الزام لگانا تو ان کا کام ہے ، اس کا جواب دینا کوئی ضروری نہیں ہے ، تاہم اللہ کا شکر ہے میرا تمام کاروبار صاف اورشفاف ہے۔تجزیہ کاروں نے جہانگیر ترین کی واپسی کی ٹائمنگ کو کافی اہم قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ جہانگیر ترین ایک ایسے وقت میں وطن واپس لوٹے ہیں جب اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف ایک اتحاد تشکیل دے کر موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا عہد کر رکھا ہے۔ تاہم اب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بھی جہانگیر ترین کی وطن واپسی کو ڈیل قرار دے دیا ہے۔

close