عمرہ زائرین کیلئے بڑی خبر، دو طرفہ ائیر ٹکٹ کی نئی قیمت کیا ہو گی؟ پی آئی اے نے اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سمیت دُنیا بھر کے عمرہ زائرین کویکم نومبر 2020ء سے مملکت آنے کی اجازت دے دی ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں موجود لاکھوں مسلمانوں کے دل جلد از جلد یہ سعادت حاصل کرنے کے لیے مچل رہے ہیں۔ دُنیا بھر میں عمرہ کرنے والوں میں پاکستانیوں کا

نمبر پہلا ہوتا ہے۔ گزشتہ سال بھی 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے آج کے روز سے عمرہ زائرین کے لیے نئے کرایوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی جانب سے بتا یاگیا ہے کہ آج کے روز سے عمرہ زائرین کے لیے سعودی عرب کی دو طرفہ ٹکٹ تقریباً 97 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی، نئے کرائے کا اطلاق آج 9 نومبر بروز سوموار سے ہو گا۔اس کے بعد عمرہ زائرین پی آئی اے کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔پی آئی اے کی پروازیں اس وقت سعودی عرب کے چار شہروں جدہ، مدینہ منورہ ، الریاض اور الدمام کے لیے جاری ہیں ۔ اس کے علاوہ القصیم کے لیے بھی عمرہ پروازیں شروع کرنے کی اسی ماہ سے اجازت مل گئی ہے۔ عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے کی جانب سے اقامہ ہولڈرز اور عمرہ زائرین کے لیے الگ الگ کرائے مقررکیے جاتے ہیں۔سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی عمرہ زائرین کو لانے کی اجازت ملنے کے بعد اب نئے کرائے متعارف کروائے گئے ہیں۔ایک پاکستانی ٹریول گروپ کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کی جانب سے دو طرفہ ٹکٹ کے کرایوں کے اعلا ن کے بعد آج کے روز سے عمرہ کے لیے بکنگ بھی شروع کر دی جائے گی ، تاہم عمرہ کے مختلف پیکیجز کی وجہ سے عمرہ زائرین کے اخراجات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ کورونا ایس او پیز ہیں۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے پی آئی اے کو القصیم کے لیے بھی ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں روانہ ہوا کریں گی۔ پی آئی اے کی جانب سے ملتان کے لیے پہلی پرواز 19 نومبر کو روانہ ہو گی۔ جس کے بعد اسلام آباد اور ملتان سے القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سے پہلے پی آئی اے کی پروازیں جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے روانہ ہو رہی تھیں، اب القصیم کے بھی شامل ہونے سے یہ پی آئی اے کا پانچواں اسٹیشن ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close