اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی پاکستان واپسی کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے متعلق کچھ اور کہہ رہا تھا مگر میرے منہ سے کچھ اور ہی نکل گیا ، اپنے جلسے کے الفاظ پر جہانگیر ترین سے
معافی چاہتا ہوں۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کا نام چینی چوری میں آیا تو بھاگ کر لندن چلاگیا اور جہانگیر ترین جیسے شخص نے اپنی ہر چیز بھی بیچ دی ، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خطاب میں انہوں نے پشتو زبان میں کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے جہاز چلائے اور اتنی زیادہ محنت کی لیکن پھر بھی لندن جا کر بیٹھ گیا۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین 7 ماہ برطانیہ میں قیام کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں ، لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچنے والے پی ٹی ائی رہنما جہانگیر ترین نے اپنی مختصرگفتگو میں کہا کہ علاج کی غرض سے باہر گیا تھا، کیوں کہ میں ہرسال علاج کے لیے باہر جاتا ہوں ، ایسی صورتحال میں اپوزیشن کی طرف سے الزام لگانا تو ان کا کام ہے ، اس کا جواب دینا کوئی ضروری نہیں ہے ، تاہم اللہ کا شکر ہے میرا تمام کاروبار صاف اورشفاف ہے۔جہانگیر ترین کی اچانک واپسی کے حوالے سے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کی سیاست مزید دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ، جہاں ایک طرف تو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حکومت مخالف تحریک جاری ہے جس میں اپوزیشن رہنما اپنی تقاریر میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی نشانہ بنارہے ہیں ، ایسے میں شوگر کمیشن رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد سے بیرون ملک مقیم جہانگیر ترین کی واپسی نے انتہائی اہمیت اختیار کرلی ہے ، اگلے چند روز میں اہم واقعات رونما ہوسکتے ہیں ، جن کے نتیجے میں حکومت اور تحریک انصاف میں موجود جہانگیر ترین کے حمایتی مضبوط ہوں گے ، لیکن اس کے ساتھ ساتھ خاموش دھڑوں کے فعال ہونے کا بھی امکان ہے ، جن کے ذریعے سے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان ایک بار پھر سے قربت بڑھانے کی کوششیں کی جائیں گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں