اللہ کریم کا شکر ہے چودھری صاحب کی طبیعت بہت بہتر، چودھری پرویز الہیٰ دعائیں کرنے والوں کا شکریہ، چودھری شجاعت حسین عیادت کرنے والوں کی قطار

لاہور( این این آئی )سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اللہ کریم کا شکر ہے کہ چودھری شجاعت حسین کی طبیعت بہت بہتر ہے، یہ تمام دوست احباب کی دعائوں کا اثر ہے، تمام ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی اور میڈیکل بورڈ نے بہت محنت کی جس کے باعث ان کی طبیعت کافی بہتر ہے۔ دریں اثناء

چودھری شجاعت حسین نے ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے، ہسپتال آنے اور فون کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔ سروسز ہسپتال میں تیسرے روز بھی اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے ٹیلیفون پر مزاج پرسی، نیک خواہشات کے اظہار اور عیادت کیلئے ہسپتال آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپتال میں موجود سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے علاوہ چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، چودھری شافع حسین، سالک حسین اور حسین الٰہی سے عیادت کیلئے آنے والے سیاسی اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ملاقات کی اور چودھری صاحب کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ پروفیسر امجد پرنسپل سمز نے بتایا کہ چودھری شجاعت حسین کی طبیعت پہلے سے بہت بہتر ہے، ان کی سانس مکمل بحال ہے، وہ آکسیجن ماسک کے بغیر آسانی سے سانس لے رہے ہیں، ان کا بلڈ پریشر بھی بہتر ہے، وہ لوگوں کو پہچان اور ان سے باتیں بھی کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کے کمسن پوتے اور پوتی بھی دادا سے ملنے ہسپتال پہنچے۔ چودھری شافع حسین کے دونوں بچوں نے ہاتھ سے بنایا گیا کارڈ اپنے دادا جان کو پیش کیا جس میں ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔ دریں اثناء اتوار کو چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے ہسپتال آنے والوں میں صوبائی وزراء فیاض الحسن چوہان، چودھری ظہیر الدین خان، سینیٹر ولید اقبال، پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چودھری، صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان یار محمد رند، سربراہ دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود، معروف کالم نگار و دانشور حسن نثار، ڈاکٹر اے آر خالد، ایاز خان، عظمی کاردار، ڈاکٹر راشد سراج، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا زبیر احمد زہیر، تاجر رہنما مجاہد مقصود بٹ، امتیاز رانجھا، چودھری سلیم بریار، عبدالرزاق ببر، سعید مغل، عرفان سونی، علی افضل، علی منیب، حافظ شیخ علاء الدین شامل ہیں جبکہ ٹیلیفون کرنے والوں میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی شامل تھے۔ قومی کمیشن برائے بین المذہب مکالمہ کے چیئرمین آرچ بشپ سباسٹین فرانسس شاء کی قیادت میں سکھ رہنما سردار بشن سنگھ اور چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم پر مشتمل وفد اور مسلم لیگ سپین کے صدر عبدالغفار مرآنہ نے وفد کے ہمراہ چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ چودھری شجاعت حسین نہ صرف پاکستان بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کا بھی فخر ہیں اور تمام اوورسیز پاکستانی چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close