لوٹا کلچر پاکستان میں نواز شریف لے کر آئے تھے ، سیاسی وفاداریاں بدلوانے کی رسم نواز شریف نے ڈالی تھی،مریم نواز کی تقریر پر حکومتی وزیر کا ردِ عمل

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں لوٹا کلچر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لے کر آئے تھے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہہ رہی ہیں لوٹوں کو ووٹ نہ دینا۔ یہ لوٹا کلچر پاکستان میں ان کے والد میاں نواز شریف لے کر آئے تھے ، سیاسی وفاداریاں بدلوانے کی رسم نواز شریف نے ڈالی تھی، آج آپ اس کے خلاف بول رہے ہیں

۔انہوں نے کہا کہ گلگت الیکشن میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں کو شکست ہوگی اور پاکستان تحریک انصاف الیکشن میں واضح کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں دراڑیں پڑ چکی ہیں ، گلگت الیکشن میں کامیابی تحریک انصاف کی ہی ہوگی ۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازکا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی پوزیشن واضح کردی ہے۔اس سے پی ڈی ایم کو نقصان ہوگا، نوازشریف نے اس پلیٹ فارم کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھایا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد ہوسکتا ہے یہ پشاور کا جلسہ ملتوی کردیں ، کیوں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے تصادم اور انتشار کا راستہ اختیار کیا ، کئی جماعتیں نہیں چاہیں گی کہ سیاسی ذاتی مفاد کے گرد گھومے، جب کہ ن لیگ کی اکثریت بھی اس بیانیہ کو پسند نہیں کرتی، اس کے علاوہ جلد دیگر جماعتیں بھی اس بیانیے سے خود کو الگ کریں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close