آئی جی پولیس پنجاب نے پولیس یونیفارم کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا،

لاہور( این این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کا موجودہ یونیفارم برقرار رہے گاجبکہ منظور شدہ ڈیزائن کے علاوہ یونیفارم پہننے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ موجودہ یونیفارم کے کپڑے کی کوالٹی کو مزید

بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے جبکہ یونیفارم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس یونیفارم رولز 1952؁ء اور اسٹینڈنگ آرڈر2017برائے پولیس یونیفارم کواپ ڈیٹ کرنے کیلئے مسودہ جلداز جلد تیار کیا جائے جبکہ اس اسٹینڈنگ آرڈر کو اپ ڈیٹ کرنے اور مسودے کی تیاری میں دیگر صوبوں کی پولیس فورسزاور پولیس بیورو سے تفصیلی مشاورت کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس یونیفارم اسٹینڈنگ آرڈر2017میں ترمیم کیلئے اعلی افسران پر مشتمل7رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہاکہ مجوزہ کمیٹی یونیفارم اور تمام عہدوں کے بیجزکے ساتھ یونیفارم کے حوالے سے تمام پہلوئوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس یونیفارم اسٹینڈنگ آرڈر2017میں ترمیم کیلئے پہلا ڈرافٹ تیار کرکے12نومبر کی آئندہ میٹنگ میں پیش کرے تاکہ آئندہ لائحہ عمل بارے فیصلہ سازی کی جاسکے۔ آئی جی پنجاب نے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ دیگر صوبوں کی پولیس فورسز اور نیشنل پولیس بیورو کے افسران سے یونیفارم کے کپڑے ، ڈیزائن ، رینک کے بیجز ،جرابوں ، ٹوپی ، جیکٹ اور شوزغرضیکہ یونیفارم کے حوالے سے ہرپہلو بارے تفصیلی مشاورت کریں اور حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں اپنی سفارشات و تجاویز کو بھی مسودے کا حصہ بنائیں ۔کمیٹی ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ڈی آئی جی لیگل اور ڈی آئی جی پروکیورمنٹ سمیت7افسران پر مشتمل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پولیس یونیفارم رولز1952اوراسٹینڈنگ آرڈر برائے پولیس یونیفارم2017پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران اجلاس پولیس یونیفام رولز1952 اورپولیس یونیفارم اسٹینڈنگ آرڈر2017کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کے علاوہ مختلف عہدوں کے بیجز کے بارے بھی معاملات زیر بحث آئے جس کے بعد آئی جی پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیس یونیفارم کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ موجودہ یونیفارم کے کپڑے کی کوالٹی کومزید بہتر بنا کریونیفارم کو مزید آرام دہ بنایاجائے گا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اسٹینڈنگ آرڈر برائے پولیس یونیفارم2017میں ترمیم اور نئے مسودے کی تیاری میں پولیس یونیفارم رولز1952کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامرملک، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن فیاض احمد دیو،ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کنور شاہ رخ، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی غلام رسول زاہد، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ڈی آئی جی لیگل جواد احمد ڈوگراورڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں