اسلام آباد (پی این آئی) سینئر تجزیہ کار وصحافی عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں اس وقت پاکستان کے 3 بڑے منی لانڈرروں کے خلاف بھی کام ہورہا ہے ، یہ بظاہر دیکھنے میں بہت بڑے مگر مچھ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جن منی لانڈررز کے خلاف اس
وقت شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں ، ان میں سے ایک بندے کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو بھی سفارش کی گئی ، جس کے جواب میں عمران خان نے ان سے صرف اتنا کہا کہ اچھا دیکھتے ہیں کچھ کرتے ہیں۔دوسری طرف احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا تحریری حکم جاری کردیا، احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے گزشتہ سماعت کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا ، تحریری حکم میں کہاگیا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتی ہے ، نصرت شہباز کی مقولہ اور غیر مقولہ جائیدادوں کا ریکارڈ ڈی جی نیب آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کروائے ، اس کے ساتھ ساتھ نصرت شہباز کے اشتہاری کے اشتہارات مختلف جگہوں پر آویزاں کئے جائیں، شہباز شریف نے جیل میں میڈیکل کی سہولیات کی شکایت کی ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آئندہ سماعت پر سہولیات کی عدم فراہمی پر تحریری درخواست عدالت میں جمع کروائیں ، سلیمان شہباز ،رابعہ عمران سمیت تین ملزمان جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہے ، عدالت شہباز شریف سمیت 10 ملزمان کو وعدہ معاف گواہ کی کاپیاں فراہم کرتی ہے۔قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں نصرت شہبازکو اشتہاری قراردینے کی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ، احتساب عدالت کی طرف سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے حوالے سے محفوظ ہونے والا فیصلہ سنادیا گیا ، عدالت نے اپنے فیصلے میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہبازکی حاضری کی معافی کی درخواست مسترد کردی ، عدالت نے نصرت شہبازکو اشتہاری قراردینے کی کارروائی کا حکم دے دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں