لندن (پی این آئی) ملک کی اعلیٰ شخصیت نے لندن میں مقیم نواز شریف سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملک کی اعلیٰ شخصیت نے رابطے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی جانب سے جارحانہ حکمت عملی اختیار کیے جانے کے
بعد اب ملک کی ایک اعلیٰ شخصیت نے ان سے رابطہ کیا ہے۔اعلیٰ شخصیت نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ذریعے لندن میں مقیم نواز شریف کو پیغام بھیجا ہے۔ پیغام میں سابق وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ متنازعہ بیانات کا سلسلہ روکا جائے، معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔ اس حوالے سے جب ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کی جانب سے پوچھا گیا تو انہوں نے رابطوں کے حوالے سے تردید نہیں کی۔سینئر لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ اس وقت کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، فی الحال رابطوں کے حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب ریاستی اداروں کیخلاف مسلسل ہرزہ سرائی کیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن اندرونی اختلافات کا شکار ہوگئی ہے۔ کچھ روز قبل سینئر لیگی رہنما عبدالقادر بلوچ نے اسی معاملے پر پارٹی قیادت کیخلاف بغاوت کر دی تھی، جبکہ اب مزید لیگی رہنما پارٹی قیادت کیخلاف میدان میں آگئے ہیں۔ن لیگ خیبرپختوںخواہ کے صوبائی سینئر نائب صدر انتخاب چمکنی بھی پارٹی بیانئے کی مخالفت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ انتخاب چمکنی نے 15 لیگی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر کے پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت پاکستان کی سالمیت اوربقا کے خلاف بیانات نہ دے۔ اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارے نظریے کی بنیاد ہے۔ حالیہ بیانیہ پارٹی کے نظریہ کی نفی ہے۔ قیادت کا بیانیہ اداروں اور عوام کی شہادتوں کی تذلیل ہے اس کا فائدہ بھارت اٹھا رہا ہے۔ پارٹی قیادت اس بات کو سمجھے کہ بے پناہ مسائل میں اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں