اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کو استور کی زمین پر قبضہ نہیں کرنے دی گی۔ یہ بات انہوں نے استور میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیکریٹری جنرل پی پی پی اور سابق
چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری اور پی پی پی شمالی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جی بی سے ایف سی آر اور راجگیری نظام کا خاتمہ کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جی بی میں جمہوریت متعارف کروائی اس کے بعد سیاسی پارٹیاں جی بی میں کام کر سکتی ہی۔ عمران خان امیر لوگوں کے لئے بجلی سستی کر رہا ہے اور اپنے دوستوں کی فیکٹریوں کو فائدہ پہنچا رہا ہے لیکن اس نے پاکستان اور جی بی کے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ پاکستان کے عوام عمران خان کی نااہلیت اور ناکامی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ استور کے نوجوانوں نے 18اکتوبر کو کراچی میں شہید بی بی کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی وعدہ کرتی ہے کہ وہ استور کی سرزمین کی خدمت کرے گی۔ یہاں کے شہداء نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر شہید بی بی کی حفاظت کی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ اب آپ کی حکومت آنے والی ہے اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔ ہم آپ کے مطالبات کے مطابق کام کریں گے اور آپ اپنے علاقے کے متعلق ہر فیصلے میں شریک ہوں گے۔ ہم عمران خان کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ آپ کی راماویلی کو نیشنل پارک بنا کر آپ کی زمین ہڑپ کر لے۔ پی پی پی آپ کو علیحدہ صوبہ، اسمبلی، پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آپ کے نمائندے دے گی۔ ہم آپ کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلوائیں گے۔ ہم آپ کو حق روزگار دلوانے کا بھی وعدہ کرتے ہیں۔ انہوں نے جی بی کے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح ماضی میں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تھا اسی طرح آپ میرا ساتھ بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سندھ میں مزدور کارڈ متعارف کروایا گیا ہے اور مفت ہسپتال تعمیر کئے گئے ہیں اسی طرح جی بی میں بھی ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں