وزیراعلیٰ عثمان بزدار دفتر سے نکل کر اچانک اوکاڑہ اور دیپالپور پہنچ گئے،سہولت بازاروں میں عوام کو ایک کلو کی بجائے دو کلو چینی کے پیکٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دفتر سے نکل کر اچانک دیپالپور اور اوکاڑہ کیلئے روانہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ اور دیپالپور کے سہولت بازاروں کے دورے کئے اور عوام کو ایک کلو کی بجائے دو کلو چینی کے پیکٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ دیپالپور آمد کے بعد وزیراعلیٰ پولیس وین

میں بیٹھ کر سہولت بازار پہنچے۔ مقامی اور ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ کی آمد سے قطعاً بے خبر تھی۔ شہری وزیراعلیٰ کو بغیر پروٹوکول اپنے درمیان دیکھ کر حیران ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے سہولت بازاروں کے انتظامات، اشیاء کے معیار اور نرخ کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے سہولت بازار کو تسلی بخش قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے دیپالپور میں شہریو ںکو اپنے پاس بلا لیا اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے سٹاف افسر کو شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے خریداری کیلئے آنے والی خواتین سے بھی گفتگو کی اور سہولت بازار کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اوکاڑہ کے سہولت بازار میں ٹائیگر فورس کے جوانوں نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ رضاکارانہ طور پر عوامی خدمت سرانجام دینے پر انہیں سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو یقینی ریلیف دینے کیلئے اپنے دفتر سے نکل کر سہولت بازار آیا ہوں، متعلقہ افسران بھی دفتروں سے نکل کر سہولت بازاروں کی مانیٹرنگ کریں۔ دیگر شہروں کے بھی جلد دورے کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سہولت بازار میں 20 کلو آٹا تھیلا 845 روپے اور چینی 81 روپے کلو فراہم کر رہے ہیں۔ پنجاب کے شہریوں کو مہنگائی سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی یا کمی برداشت نہیں کروں گا۔ سہولت بازاروں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صمصام بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں