ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کیسز میں اضافہ، ہسپتالوں میں بیک اپ وارڈز کی بحالی شروع کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) پاکستان میں کورونا کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہونے لگا ، پنجاب میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بیک اپ وارڈز کی بحالی شروع کر دی گئی۔پی کے ایل آئی لاہور میں کورونا وارڈ

دوبارہ کھول دیا گیا ہے جہاں اس وقت دو مریض زیر علاج ہیں۔مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں بیڈز کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔ ایکسپو سنٹر ٹرائی ایج اسپتال بھی فعال کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔یہ اسپتال کورونا مریضوں کے لیے بنائے گئے تھے جسے بحال کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ٹرائی ایج اسپتال بنانے کا مقصد اسپتالوں سے کورونا مریضوں کا لوڈ کم کرنا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کی وجہ سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 849 ہوچکی ہے ، جب کہ ملک میں‌ اب تک مجموعی طور پر کورونا کے3 لاکھ 36 ہزار 260 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے اس وقت فعال کیسز کی تعداد 13ہزار 965 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 894 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک 2 ہزار 372 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں ایک لاکھ 46 ہزار 774 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک 2 ہزار 633 افراد چل بسے۔بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 39 ہزار 749 ہوچکی ہے ، جب کہ صوبے میں 1280 افراد کی موت واقع ہوئی ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک 15ہزار 977 مریض سامنے آئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں