اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے،مخالفین نے دعویٰ کر دیا

حیدرآباد(این این آئی)پیپلزپارٹی کے رہنماء و سابق صوبائی وزیر اطلاعات ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور جب بھی کسی حکومت کا اختتام قریب ہوتا ہے تو اسی قسم کی باتیں کی جاتی ہے جیسا کہ عمران خان اور اس کے وزراء کررہے ہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی

سے جزائر پر صدارتی آرڈیننس کے خلاف قرارداد منظور کروائی ہے اورکہا ہے کہ ایوان صدر کو ایوان صدر ہی رہنے دیا جائے اسے آرڈیننس فیکٹری نہ بنایا جائے، پیپلزپارٹی نے انتخابات میں وعدہ کیاتھا کہ ٹنڈوجام میں90 ملین روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہونے والے گرلز کالج قائم کریں گے اور آج ہم نے عوام سے کیا گیاایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے ٹنڈوجام میں پہلے گرلز کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، ان شاء ا للہ بہت جلد کالج کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد تدریسی عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔وہ اپنے حلقے ٹنڈوجام حیدرآباد میںگرلز ڈگری کالج کاسنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ملک میں کوئی بھی غدار نہیں لیکن یہ حکومت اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں کو چھپانے کے لیے پہلے چور ڈاکو کے سرٹیفکٹس بانٹتی تھی اور آج کل یہ ہر کسی کو غداری کے سرٹیفکٹس دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی دوسروں کو غدارکہتا ہے وہ نا تو خود ملک کے ساتھ مخلص ہے اور ناہی وہ اپنے مقصد کے ساتھ مخلص ہے، وفاقی حکومت اس وقت انتشار اور گھبراہٹ کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقاریر میں کہیں بھی آٹے اور چینی پر بات نہیں کی صرف اپوزیشن پر الزامات لگارہے ہیں، اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور جب بھی کوئی حکومت اختتام پذیر ہوتی ہے تو اسی قسم کی باتیں کرتی ہے جو اس وقت عمران خان اور اس کے وزراء کررہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں