لاہور(پی این آئی) ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیو نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی ہے۔اظہر عباس چانڈیوں نے عثمان بزدار کو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے اور ہمارے مسائل حل کیے ہیں۔وزیراعلیٰ نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل
ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔اظہر عباس چانڈیو نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اظہر عباس چانڈیو نے اداروں کے خلاف تنقید کی شدید مذمت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے مسائل حل کیے جائیں، مسائل کے حل میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔اس سے قبل 06 اکتوبر کو ن لیگی اراکین اسمبلی کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ایک اور ملاقات ہوئی تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری اور یونس انصاری کی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، گوجرانوالہ کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، کیوں کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں ، جب کہ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو متنازعہ بنانا کسی بھی طور درست نہیں ۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے ۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی تھی ، ملاقات کرنے والوں میں شیخوپورہ سے میاں جلیل احمد شرقپوری اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل ہیں ، جبکہ نارووال سے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین ، خانیوال سے محمد فیصل خان نیازی ، چوہدری اشرف انصاری کے بھائی چوہدری محمد یونس انصاری بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں کا حصہ تھے ۔بتایا گیا ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اپنے انتخابی حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ، جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ، اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں گے ، کیونکہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و باؤز ہیں ، لہٰذا انہیں عزت و احترام دیں گے ، جبکہ نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ، تنقید کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں