اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یکساں نظام تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے،یکساں نظام تعلیم خطے کے دیگر ممالک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے اہم
اجلاس ہوا۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے قومی سطح پر یکساں نصاب متعارف کرانے پر بریفنگ دی۔ شفقت محمودنےبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں طلبا کو نصابی تعلیم اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سچائی، ایمانداری، برداشت، احترام، باہمی ہم آہنگی، ماحولیات کے بارے آگاہی، جمہوریت، انسانی حقوق، دیرپا ترقی اورذاتی تحفظ جیسے سنہری اصولوں سے آراستہ کرنا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ملک میں موجود طبقاتی تقسیم کو ختم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یکساں نظام تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔عمران خان نے کہاکہ نئی نسل کوخاتم النبین ﷺکی حیات مبارکہ اور سنت کے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے کیونکہ حضرت محمد ﷺ ہی ہمارے رول ماڈل ہیں اور ان کی سنت ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی تعلیمی پالیسی سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور معاشرے کے تمام طبقات کو با اختیار بنانے کے مساوی مواقع فراہم ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس نظام کی کامیابی تدریسی عملے کے انتخاب اور استعداد کار میں اضافے پر منحصر ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئی پالیسی کی بدولت پاکستان میں معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ یکساں نظام تعلیم خطے کے دیگر ممالک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں