اوور سیز پاکستانیوں کے وفد کے ہمراہ اورنج لائن ٹرین پرسفر،ِ لاہور کے شہریوں کو عالمی معیار کی ماحول دوست سفری سہولت میسر آئی ہے، وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کی رائے

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اوور سیز پاکستانیوں کے وفد کے ہمراہ اورنج لائن ٹرین پرسفرکیا۔صوبائی وزیر وفد کے ہمراہ ڈیرہ گجراں سٹیشن سے سوار ہوئے اور انارکلی سٹیشن تک اورنج لائن ٹرین میں سفر کیا۔صوبائی وزیرنے سفر کے دوران انتظامات کا جائزہ لیا اور مسافروں سے

بات چیت کی۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے صفائی کے ناقص انتظامات پر خفگی کا اظہارکیا اور متعلقہ افسران کو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ میٹرو ٹرین پاک چین دوستی کی علامت اور لاہور کے شہریوں کے لئے ایک شاندار تحفہ ہے۔لاہور اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کی تکمیل سے ِلاہور کے شہریوں کو عالمی معیار کی ماحول دوست سفری سہولت میسر آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف عوام کیلئے معیاری، باوقار اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے سے 4ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار ملا ہے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین سے لاہور میں ٹریفک کا دبائو کم ہو گا،ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریںگے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ وزیر اعظم پاکستان کے گرین وژن کے تحت ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے۔ مسافروں نے جدید سفری سہولتوںکی فراہمی پر مسرت کا اظہار کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close